امریکہ کے ایران پر 11ویں رات بھی شدید حملے، تہران سمیت ایران کے 5 صوبوں کے 8 شہروں میں دھماکے

امریکی افواج نے ایران کے متعدد شہروں اور ملٹری سائٹس پر مسلسل 11ویں رات بھی شدید بمباری کی ہے، بوشہر ایٹمی پاور پلانٹ کے قریب بھی دھماکے سنے گئے، تہران سمیت کئی صوبوں میں ایئر ڈیفنس متحرک ہو گیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایران پر مسلسل 11ویں رات بھی فضائی حملے کیے ہیں، جس کے نتیجے میں ایران کے مختلف صوبوں اور شہروں میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
سینٹ کام کے مطابق ان کارروائیوں میں ایرانی ملٹری آپریشنز سینٹرز، سمندری صلاحیتوں، ایئر کرافٹ ہینگرز، ڈرون ذخائر اور لاجسٹک ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق خوزستان کے شہروں ماہشہر، بہبہان اور امیدیہ، جبکہ شمال مغربی شہر تبریز اور سیستان و بلوچستان کے بندرگاہی شہروں چابہار اور کنارک میں دھماکے سنے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : پینٹاگون کو ہتھیاروں کی شدید کمی کا سامنا، ایران جنگ کے اخراجات 37.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، امریکی وزیرِ دفاع
دارالحکومت تہران کے شمال مشرقی حصوں اور مہاباد میں دشمن کے اہداف کو ہوا میں ہی تباہ کرنے کے لیے ایرانی فضائی دفاعی نظام کو فوری طور پر فعال کر دیا گیا۔
تشویشناک صورت حال ساحلی شہر بوشہر میں دیکھی گئی، جہاں دو بڑے دھماکے ہوئے، واضح رہے کہ اس شہر میں ایران کا ایٹمی پاور پلانٹ واقع ہے، جس سے شدید ماحولیاتی خطرات کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، تاہم فی الحال پاور پلانٹ کو براہ راست نقصان پہنچنے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
اسی اثنا میں خاتم الانبیا جوائنٹ ملٹری ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے جاری بیان میں واضح انتباہ دیا گیا ہے کہ اگر امریکا یا اس کے اتحادیوں نے ایران کی ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنایا تو یہ عمل خطے میں جنگ کے پھیلاؤ کا باعث بنے گا اور امریکی مفادات کو شدید ترین ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
دوسری طرف سینٹ کام کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران ایران نے آبنائے ہرمز میں 30 سے زائد تجارتی جہازوں کو نشانہ بنایا تھا، تاہم ان امریکی کارروائیوں کے باوجود آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کا سلسلہ جاری ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












