سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان تاریخی جوہری تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوگئے

سعودی عرب اور امریکہ نے جوہری توانائی کے شعبے میں تاریخی تعاون کے معاہدے پر دستخط کر دیئے، جس کے تحت امریکی کمپنیاں سعودی سویلین ایٹمی پروگرام کی ترقی میں حصہ لیں گی۔
سعودی وزارت توانائی نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب اور امریکہ نے جوہری توانائی کے پرامن استعمال کے لیے باہمی تعاون کے ایک اہم معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔
یہ پیش رفت گزشتہ سال نومبر میں دورہ امریکہ کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے جوہری توانائی سے متعلق دوطرفہ مذاکرات کی کامیاب تکمیل کے اعلان کے بعد سامنے آئی ہے۔
یہ معاہدہ جسے ‘123 معاہدہ’ کہا جاتا ہے، واشنگٹن کی جانب سے کسی بھی دوسرے ملک کے ساتھ جوہری تعاون کے لیے قانونی طور پر ضروری ہوتا ہے۔
اس معاہدے پر سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان اور امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے دستخط کیے۔ اس کے ساتھ ہی دونوں ممالک کے درمیان ایک دوطرفہ سیف گارڈ معاہدہ بھی طے پایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : یمن کے حوثیوں کا 2 سعودی آئل ٹینکرز پر حملہ
سعودی وزارت توانائی کے مطابق اس معاہدے کا مقصد پرامن جوہری توانائی، مہارت، معلومات اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کو آسان بنانا اور ایٹمی سیکیورٹی و عدم پھیلاؤ کے اعلیٰ ترین عالمی معیارات کو یقینی بنانا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس 30 سالہ معاہدے کی منظوری دی ہے، جس کے تحت تکنیکی جائزوں کے بعد سعودی عرب کو اپنی سرزمین پر یورینیم افزودگی کی تنصیب قائم کرنے کی اجازت مل سکتی ہے۔
امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات، معاشی خوشحالی اور سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
دوسری جانب امریکی کانگریس میں اس معاہدے پر جائزہ لیا جائے گا، جہاں بعض قانون ساز اس کی مخالفت کر سکتے ہیں۔ تاہم امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے خدشات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ایسا کوئی معاہدہ نہیں کرے گا، جس سے جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کا خطرہ ہو۔
اس سے قبل اسرائیل اور بعض امریکی ماہرین نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ یورینیم افزودگی کی صلاحیت سے خطے میں ایٹمی دوڑ شروع ہو سکتی ہے، لیکن امریکی حکام کا کہنا ہے کہ معاہدے میں اعلیٰ ترین حفاظتی معیارات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












