پاسداران انقلاب کا اردن کے الأزرق ایئر بیس پر حملے میں 3 امریکی ایف 35 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ

ایران کے پاسداران انقلاب نے اردن کے ایئر بیس پر میزائل حملے میں 3 امریکی ایف 35 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اسے قشم میں شہریوں کی شہادت کا بدلہ قرار دے دیا۔
ایران کے پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) کے شعبہ تعلقات عامہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اردن میں واقع الأزرق ایئر بیس پر کیے گئے ایک کامیاب میزائل حملے کے نتیجے میں 3 امریکی ایف 35 جنگی طیارے مکمل طور پر تباہ جبکہ 3 دیگر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
پاسداران انقلاب کے مطابق یہ کارروائی ایرانی جزیرے قشم میں امریکی فضائی حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے ایک ہی خاندان کے 3 افراد کی شہادت کے قصاص میں کی گئی ہے۔
پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی افواج نے اردن کے اس ایئر بیس کا استعمال کرتے ہوئے جزیرہ قشم میں 2 رہائشی مکانات پر بنکر بسٹر بم برسائے تھے، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے والد، والدہ اور ان کا ایک بچہ شہید ہو گئے تھے جبکہ 2 بچے شدید زخمی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے کویت اور اردن پر جوابی حملے، ایک شخص ہلاک
ایرانی فوج نے اعلان کیا تھا کہ وہ اس جارحیت کا بدلہ ضرور لے گی اور اسی کے تحت یہ تازہ جوابی کارروائی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے متعدد بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے الأزرق ایئر بیس کے اس مخصوص حصے کو نشانہ بنایا، جہاں امریکی ایف 35 طیاروں کا ہینگر اور پارکنک ایریا موجود تھا۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس حملے میں طیاروں کے نقصان کے ساتھ ساتھ کئی امریکی افسران، ٹیکنیکل اور مینٹیننس عملے کے اہلکار بھی مارے گئے ہیں۔
بیان کے آخر میں پاسداران انقلاب نے واضح کیا کہ اس خطے میں کسی ایسی غیر ملکی فوج کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، جو آدھی رات کو سوئے ہوئے بے گناہ بچوں اور خاندانوں کا سفاکانہ قتل عام کرتی ہو۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









