ٹرمپ کے مشیر کی حماس کے نئے سربراہ خلیل الحیہ سے مصر میں اہم ملاقات

امریکی صدر کے مشیر جیرڈ کوشنر نے مصر میں حماس کے نئے سربراہ خلیل الحیہ سے ملاقات کی ہے تاکہ امریکی حمایت یافتہ غزہ امن منصوبے پر عملدرآمد کی راہ ہموار کی جا سکے۔
بی بی سی نے فلسطینی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کوشنر نے اتوار کے روز مصر میں حماس کے نئے رہنما خلیل الحیہ کی قیادت میں آنے والے ایک وفد سے ملاقات کی۔
رپورٹس کے مطابق بورڈ آف پیس کے نمائندے نیکولے ملادینوف اور برطانیہ کے سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر بھی اس ملاقات کا حصہ تھے، جبکہ امن کوششوں میں ثالثی کرنے والے ممالک مصر، قطر اور ترکیہ کے نمائندے بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی صدر ٹرمپ کا پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مکہ معاہدے کا خیر مقدم
اگرچہ ان مذاکرات کا کوئی سرکاری بیان جاری نہیں ہوا لیکن اطلاعات ہیں کہ گفتگو کا محور حماس کے ہتھیاروں کو تحویل میں لینے، اسرائیلی افواج کے انخلا اور امدادی کوششوں کے عملی اقدامات پر تھا۔
مصر میں قیام کے دوران جیرڈ کوشنر نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے بھی ملاقات کی۔ اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کوشنر، ملادینوف اور ٹونی بلیئر پیر کو اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے تاکہ ٹرمپ کے منصوبے کو آگے بڑھایا جا سکے۔
تاہم اسرائیلی وزیراعظم نے صاف کہا ہے کہ وہ اس معاہدے پر عمل کے لیے پہلے حماس کو مکمل غیر مسلح دیکھنا چاہتے ہیں۔ نیتن یاہو نے گزشتہ ہفتے اپنے قریبی حلیف امریکہ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل بورڈ آف پیس کی 15 نکاتی دستاویز کو مسترد کرتا ہے، اور اسرائیلی فوج اس وقت تک کوئی انخلا نہیں کرے گی، جب تک حماس واقعی غیر مسلح نہیں ہو جاتی۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











