مغربی کنارے پر اسرائیل کا قبضہ ناممکن ہے، صیہونی ریاست کی اندرونی تباہی کا وقت آ چکا، جنرل قاآنی

ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ نے کہا ہے کہ مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضہ ناممکن ہے، اسرائیل کا اندرونی زوال حتمی ہو چکا ہے۔
ایران کی پاسداران انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی) کی قدس فورس کے کمانڈر برگیڈیئر جنرل اسماعیل قاآنی نے دعویٰ کیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کا اسرائیل کے ساتھ الحاق ناممکن ہے، جبکہ اسرائیلی ریاست کی اندرونی تباہی اور زوال اب حتمی شکل اختیار کر چکا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری اپنے ایک بیان میں برگیڈیئر جنرل قاآنی نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں قابض صیہونی حکومت اس وقت ایک شدید قسم کے سماجی کینسر کا شکار ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اندرونی زوال، فساد اور ناکامی اس قابض فورس کا حتمی مقدر بن چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی شام کے ایئر بیس پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت
قدس فورس کے سربراہ نے مزید کہا کہ مغربی کنارے میں جاری مظالم اور وحشیانہ دہشت گردانہ کارروائیاں بھی فلسطین کے عالمی مؤقف اور اس کے مقدس مقصد کو پس پشت نہیں ڈال سکتیں۔ وہ فلسطین کے حقوق کو دنیا کی نظروں سے اوجھل کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
جنرل قاآنی نے اس بات پر دوبارہ زور دیا کہ اسرائیل کی جانب سے علاقوں کو اپنے اندر ضم کرنے اور الحاق کرنے کے خواب کبھی پورے نہیں ہو سکتے اور صیہونی حکومت کی اندرونی ساخت مکمل طور پر بکھرنے کے قریب پہنچ چکی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









