امریکا ایران جنگ کے پہلے ہی ماہ عرب ممالک کو 150 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے ایک سینئر عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے پہلے ہی ماہ عرب معیشتوں کو 150 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔
امریکا اور ایران کے مابین شروع ہونے والی جنگ نے خطے کی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے، جس سے عرب ممالک کو صرف پہلے ماہ کے دوران تقریباً 150 ارب ڈالر کا بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔
اقوام متحدہ کے اقتصادی اور سماجی کمیشن برائے مغربی ایشیا کی ایگزیکٹو سیکریٹری رانیا الماشات نے سلامتی کونسل کے ایک غیر رسمی اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ نقصان خطے کی مجموعی گھریلو پیداوار کے تقریباً 4 فیصد کے برابر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران جنگ سے امریکہ میں مہنگائی اور اسلحے کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، کانگریشنل بجٹ آفس
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز اور باب المندب میں جہاز رانی کو درپیش خطرات نے نہ صرف سیکیورٹی بلکہ تجارت اور معاشی استحکام کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی سمندری تیل کی تجارت کا 25 فیصد اور مائع قدرتی گیس کی تجارت کا 19 فیصد حصہ آبنائے ہرمز کے راستے سے گزرتا ہے، جبکہ خلیجی ممالک امونیا، کھاد، گندھک اور ایلومینیم کے بھی بڑے برآمد کنندہ ہیں۔
رانیا الماشات نے کہا کہ اس تنازع کی وجہ سے پورے عرب خطے میں سرمایہ کاری اور معاشی تنوع کے منصوبے التواء کا شکار ہو سکتے ہیں۔
اقوام متحدہ نے اس جنگ کو پھیلنے سے روکنے اور نقل و حمل کی آزادی کو برقرار رکھنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











