بجلی صارفین کو زبردست جھٹکا، کتنے یونٹ پر کتنے فکسڈ چارجز ہوں گے؟ بڑی خبر آگئی

Electricity consumers face a major shock: how much fixed charges will apply on how many units?
وفاقی حکومت نے بجلی کے نظام میں ایک اور بڑی تبدیلی کی تیاری کر لی ہے۔ بجلی صارفین پر فکسڈ چارجز عائد کرنے کے لیے پاور ڈویژن نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نیپرا میں باقاعدہ درخواست جمع کروا دی ہے۔ اس درخواست پر نیپرا میں 10 فروری کو سماعت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی تجویز ہے کہ فکسڈ چارجز کا اطلاق صرف زیادہ یونٹ استعمال کرنے والوں تک محدود نہ رہے بلکہ پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں کیٹیگری کے صارفین کو بھی اس میں شامل کیا جائے۔ اس وقت 300 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والوں پر فکسڈ چارجز پہلے ہی لاگو ہیں، تاہم اب کم یونٹ استعمال کرنے والے صارفین بھی اس دائرے میں آ سکتے ہیں۔
پاور ڈویژن نے نیپرا کو دی گئی درخواست میں تجویز دی ہے کہ ماہانہ 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین سے 200 روپے فکسڈ چارجز وصول کیے جائیں، جبکہ 200 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کے لیے یہ رقم 300 روپے ہو۔ اسی طرح نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے مختلف سلیبز تجویز کیے گئے ہیں۔
درخواست کے مطابق 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 275 روپے، 200 یونٹ تک پر 300 روپے، 300 یونٹ تک پر 350 روپے، 400 یونٹ تک پر 400 روپے اور 500 یونٹ استعمال کرنے والوں پر 500 روپے فکسڈ چارجز عائد کرنے کی تجویز ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 600 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے فکسڈ چارجز 675 روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اسی طرح 700 یونٹ تک اور 700 یونٹ سے زائد استعمال کرنے والوں کے لیے بھی فکسڈ چارجز کم کر کے 675 روپے تک لانے کی سفارش کی گئی ہے۔
دوسری جانب حکومت نے کچھ صارفین کے لیے بجلی سستی کرنے کی تجاویز بھی دی ہیں۔ 301 سے 700 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے فی یونٹ نرخ کم کرنے کی سفارش شامل ہے۔ 400 یونٹ پر فی یونٹ 1 روپے 53 پیسے، 500 یونٹ پر 1 روپے 25 پیسے اور 600 یونٹ پر 1 روپے 40 پیسے کمی کی تجویز دی گئی ہے۔
اسی طرح 700 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے فی یونٹ 91 پیسے اور 700 یونٹ سے زیادہ استعمال پر 49 پیسے فی یونٹ کمی کی سفارش کی گئی ہے۔ کمرشل صارفین جن کا لوڈ 5 کلو واٹ یا اس سے زیادہ ہے، ان کے لیے فی یونٹ 1 روپے 15 پیسے کمی کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ صنعتی شعبے کے لیے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 5 روپے تک کمی کی سفارش سامنے آئی ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











