جمعہ، 17-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/29هـ (17-04-2026م)

ایران جنگ کے اثرات سے عالمی قحط کا خطرہ ہے، ورلڈ سینٹرل کچن

17 اپریل, 2026 09:19

ورلڈ سینٹرل کچن کے بانی ہوزے اینڈریس نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران اور اسرائیل کی جنگ کے باعث کھاد کی عالمی تجارت متاثر ہوئی تو 2027 میں دنیا کو ایک ہولناک اور خاموش قحط کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مشہور شیف اور انسانی حقوق کے علمبردار ہوزے اینڈریس نے واشنگٹن میں ایک اقتصادی کانفرنس کے دوران دنیا کو ایک آنے والی تباہی سے خبردار کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی صرف تیل کی قیمتوں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ یہ عالمی سطح پر خوراک کی پیداوار میں ایک خاموش زوال کا سبب بنے گی۔

اینڈریس کے مطابق آبنائے ہرمز سے صرف تیل ہی نہیں گزرتا بلکہ وہاں سے دنیا بھر میں زراعت کے لیے ناگزیر نائٹروجن والی بھاری کھادیں بھی سپلائی کی جاتی ہیں۔ اگر اس تجارتی راستے میں رکاوٹ پیدا ہوئی تو دنیا بھر میں فصلوں کی بوائی کا عمل متاثر ہوگا اور پیداوار میں شدید کمی آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں : ایران ایٹمی مواد کی حوالگی پر رضامند ہوگیا، معاہدہ ہوا تو پاکستان جاؤں گا، ٹرمپ

اینڈریس نے پیش گوئی کی ہے کہ 2026 کے موسم خزاں اور 2027 تک دنیا بھر میں قحط کی شدت میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امیر ممالک جیسے امریکہ تو قیمتوں میں دو تین فیصد اضافہ برداشت کر لیں گے، لیکن ہیٹی جیسے غریب ممالک کے لوگ بھوک سے مر جائیں گے۔

ان کا ماننا ہے کہ عالمی رہنما خوراک کی سیکیورٹی کے بجائے عسکریت پسندی کی طرف زیادہ مائل ہو رہے ہیں، جو انسانیت کے لیے خطرناک ہے۔

اس بحران کے حل کے لیے انہوں نے ایک امن ٹیکس کی تجویز پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر تمام ممالک اپنے دفاعی بجٹ کا صرف تین فیصد حصہ عالمی غذائی تحفظ کے لیے مختص کر دیں تو دنیا سے بھوک کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ 2024 میں عالمی دفاعی اخراجات 27 سو ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، جبکہ امدادی اداروں کو فنڈز کی کمی کے باعث جنگ زدہ علاقوں میں اپنے آپریشنز محدود کرنے پڑ رہے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ خوراک کی فراہمی کو سیاست سے بالاتر رکھا جائے کیونکہ ہر انسان کو پیٹ بھر کر کھانا ملنا اس کا بنیادی حق ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔