جمعرات، 23-اپریل،2026
جمعرات 1447/11/06هـ (23-04-2026م)

پرانی امپورٹڈ گاڑی خریدنے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

23 اپریل, 2026 10:51

حکومت نے آٹو سیکٹر میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے اور درآمدی گاڑیوں پر عائد اضافی کسٹمز ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی کو مرحلہ وار ختم کرنے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت یکم جولائی 2026 سے نئی آٹو پالیسی نافذ کرنے جا رہی ہے۔ اس حوالے سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ ابتدائی ڈرافٹ پر مشاورت بھی شروع کر دی گئی ہے۔ اس پالیسی کا مقصد ٹیرف نظام کو بہتر بنانا، درآمدی عمل کو شفاف بنانا اور مقامی آٹو انڈسٹری کے معیار کو عالمی سطح کے مطابق لانا ہے۔

حکومتی منصوبے کے تحت درآمدی گاڑیوں پر عائد اضافی ڈیوٹیز کو بتدریج کم کیا جائے گا۔ مالی سال 2027 سے ہر سال 10 فیصد کمی کی جائے گی اور آئندہ چار برسوں میں یہ اضافی ڈیوٹیز مکمل طور پر ختم کر دی جائیں گی۔ اس کے ساتھ کسٹمز ڈیوٹی میں بھی 2030 تک مرحلہ وار کمی کی جائے گی۔

نئی پالیسی میں پرانی گاڑیوں کی درآمد کے حوالے سے بھی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ مالی سال 2027 کے بعد 7 سال تک پرانی گاڑیوں کی درآمد کی اجازت دینے کی تجویز ہے، تاہم اس کے لیے سخت سیفٹی اور ماحولیاتی معیار پورا کرنا لازمی ہوگا۔

پانچ سال سے زائد پرانی گاڑیوں کے لیے خصوصی سیفٹی اور ماحولیات سرٹیفکیٹ لازم قرار دیا جا رہا ہے تاکہ سڑکوں پر محفوظ اور معیاری گاڑیاں ہی چل سکیں۔

اس کے علاوہ مقامی طور پر تیار ہونے والی گاڑیوں میں بھی عالمی معیار کے حفاظتی اصول نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے نیا قانون پارلیمنٹ سے منظور کروایا جائے گا تاکہ مقامی پیداوار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔

وزارتِ صنعت و پیداوار کے مطابق نئی آٹو پالیسی کا مسودہ جلد مکمل کر کے آئی ایم ایف سے مزید مشاورت کی جائے گی۔ بعد ازاں اسے وفاقی کابینہ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔